سونیا گاندھی نے شرمیلا کو پیام روانہ کیا
حیدرآباد۔/7 جولائی، ( سیاست نیوز) متحدہ آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 75 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کل 8 جولائی کو وائی ایس شرمیلا نے آندھرا پردیش میں بڑے پیمانے پر تقاریب کا اہتمام کیا ہے۔ صدرآندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے وائی ایس شرمیلا نے اپنے والد کی جینتی تقاریب کو اپنے سیاسی سفر کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اے آئی سی سی قائدین کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ اسی دوران سابق صدر کانگریس سونیاگاندھی نے پیام روانہ کرتے ہوئے وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نہ صرف آندھرا پردیش بلکہ ہندوستان کے عظیم قائد تھے جنہوں نے ریاست اور ملک کی خدمت کی۔ 75 ویں جینتی کے موقع پر تقاریب کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ وائی ایس شرمیلا اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آندھرا پردیش کی خدمت کریں گی۔ 1