وادی کشمیر میں سردی جاری، جمعہ سے برف وباراں کی پیش قیاسی

   

سری نگر، 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں شدید سردی کے بیچ جمعہ سے مزید برف وباراں متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں وارد ہورہی ہیں جن کے زیر اثر 11جنوری سے 13 جنوری تک برف وبارشوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ ادھر وادی اور خطہ لداخ میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جارہا ہے جس کے باعث جہاں ایک طرف آبی وسائل بشمول گھروں کے اندر وباہر نصب نل جم جانے کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی قلت سے دوچار ہونا پڑتا ہے وہیں دوسری طرف لوگ صبح دیر گئے تک گھروں سے باہر نکل نہیں پارہے ہیں جس کے باعث روز مرہ کا کام کاج قدرے متاثر ہوکر رہ جاتا ہے ۔اگر چہ جمعرات کو شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج کی گئی لیکن سردی کی شدت سے لوگوں کا حال لگاتار بے حال ہے ۔دریں اثنا ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جو گذشتہ روز سے قدرے بہتر ہے جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.4ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

جموں و کشمیر کے علاقہ لداخ میں زلزلہ
سرینگر ۔ 10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست جموں و کشمیر کے علاقہ لداخ میں آج زلزلہ کا جھٹکہ محسوس کیا گیا ۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب اسکی شدت ریکٹر پیمانہ پر4.6 درج کی گئی ۔ زلزلہ کا یہ جھٹکہ صبح 8:22 محسوس کیا گیا جسکا مبدا 34.39 درجہ شمالی تول بلد علاقہ لداخ میں اور 78.21مشرقی عرض بلد پر واقع تھا ۔ یہ لیہہ سے 63.6 کلومیٹر شمال اور 193.1کلومیٹر کارگل کے مشرق میں لداخ کے علاقہ میں واقع تھا ۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیںملی ۔