وادی کشمیر کے سینئر صحافی غلام نبی شیدا کا انتقال

   

سری نگر: وادی کشمیر کے سینئر صحافی اور اردو روزنامہ ’وادی کی آواز‘ کے مالک و مدیر غلام نبی شیدا طویل علالت کے بعد منگل کی علی الصبح انتقال کر گئے ۔ وہ 70برس کے تھے ۔ سینئر صحافی غلام نبی شیدا منگل کی علی الصبح سری نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ہی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔انہوں نے بتایا کہ شیدا کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے ۔ ان کے پسماندگان میں صرف ایک بیٹی ہے جبکہ ان کی اہلیہ سال 2015 میں راہی ملک عدم ہوچکی ہیں۔مرحوم صحافی کو منگل کے روز ہی اپنے آبائی وطن جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گوری پورہ گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کے نماز جنازہ میں لوگوں کی کافی بڑی تعداد جن میں سماج کے مختلف طبقوں بالخصوص صحافتی برادروں کے نامور لوگ شامل تھے ، نے شرکت کی۔