سرینگر: صورہ میں پولیس اہلکار کی ہلاکت اور حالیہ ملی ٹینٹ حملوں کے پیش نظرسرینگر سمیت وادی کے قرب و جوار بالخصوص حساس اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔شہر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال پر سینئر آفیسران کے درمیا ن ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس دوران شہر میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار اسکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی لے رہے تھے ۔سیکورٹی فورسز اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو بھی روک کر ان کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد انہیں اپنی منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دی ۔