وارانسی 11جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں کہا ہے کہ 21 سے 23 جنوری کومنعقد ہونے والے 15 ویں پرواسی (غیراقامتی )بھارتی سمیلن کاافتتاح وزیراعظم نریندر مودی اور اختتام صدر رام ناتھ کووند کریں گے ۔ اس سمیلن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں پہلی بار اس سمیلن کا ہونا انتہائی فخر کی بات ہے جس میں سات سے آٹھ ہزار پرواسیوں کی شرکت متوقع ہے ۔انہوں نے اس پروگرام کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پرواسی بھارتی سمیلن کا افتتاح 21 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی اور اختتام 23 جنوری کو صدر رام ناتھ کووند کریں گے ۔مسٹر یوگی نے سمیلن میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے ٹھہرنے کے لئے اسی علاقے کے ایڑھے گاؤں میں بنائی جا رہی جدید سہولیات پر مشتمل ’’ٹینٹ سٹی‘‘ کا معائنہ کر کے متعلقہ حکام کو بقیہ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے بعد وہ سرکاری طیارے سے دہلی کے لئے روانہ ہو گئے ۔