وارانسی۔ 4 نومبر (یو این آئی) وارانسی کے لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پیر کی شام وارانسی سے ممبئی جانے والی ایک فلائٹ کے ایپرن سے رن وے کی طرف جاتے وقت ایک مسافر نے ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش کی۔ عملے نے فوری طور پر پائلٹ کو آگاہ کیا۔ پائلٹ نے اے ٹی سی کو اطلاع دی اور طیارے کو ایپرین پر واپس لے آیا۔ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا اور سیکوریٹی اہلکاروں نے طیارہ کا معائنہ کیا اور مسافر کو پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا۔ طیارہ تقریباً ایک گھنٹے بعد مکمل معائنہ کے عمل کے بعد روانہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق، آکاسا ایئر لائنز کی پرواز کیو پی 1498 ممبئی سے شام 6:20 پر وارانسی ہوائی اڈے پر پہنچی تھی۔ وہی فلائٹ کیو پی 1497وارانسی سے شام 6:45 پر ممبئی کے لیے اڑان بھرنے کے لیے ایپرن سے رن وے کی طرف جارہی تھی، جب جونپور کے گورا بادشاہ پور کے رہنے والے سوجیت سنگھ نے ایمرجنسی گیٹ کھولنے کی کوشش کی۔ عملے نے فوری طور پر پائلٹ اور پھر اے ٹی سی کو آگاہ کیا۔ جہاز کو واپس ایپرین پر لا کر کھڑا کر دیا گیا۔
یہ پرواز صبح 7.45 بجے ممبئی کے لیے واپس روانہ ہوئی۔ پھولپور پولیس نے بتایا کہ نوجوان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ مسافر کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔ مزید کارروائی کی جا رہی ہے ۔
