’’وارث پٹھان ! گجرات کو یاد رکھیں ‘‘، منہ توڑ جواب کی دھمکی

   

’ہم بھی چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھے ہیں، ناگپور آنے کا چیلنج : گریش ویاس
ناگپور۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کی بی جے پی رکن مقننہ گریش ویاس نے اے آئی ایم آئی ایم لیڈر وارث پٹھان کے ’’100 کروڑ پر 15 کروڑ مسلمان بھاری ہیں‘‘ ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجلس کے لیڈر کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ گجرات میں کیا ہوا تھا۔ ویاس نے جو بی جے پی کے ترجمان اور ایم ایل سی اے ہیں، مسلم برادری پر زور دیا کہ وہ وارث پٹھان جیسے افراد کا بائیکاٹ کریں اور انہیں ایک اچھا سبق سکھائیں۔ گریش ویاس نے جمعہ کو ٹی وی 9 نیوز چیانل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کے محبان وطن تمام نوجوان اور بی جے پی کا ہر کارکن وارث پٹھان کو ان کی استعمال کردہ زبان میں منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم صبر کرنے والے اور روادار ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم آپ سے نمٹ نہیں سکتے۔ گجرات کو یاد رکھو، واقعات جو کالوپور میں پیش آئے تھے‘‘۔ ’’اگر ان باتوں کو ملحوظ رکھیں گے… تو میں سمجھتا ہوں کہ وہاں کے مسلمان آج بھی دوبارہ اُٹھنے کی جرأت نہیں کرسکتے‘‘۔ ویاس بظاہر 2002ء کے گجرات فسادات کا حوالہ دے رہے تھے جس میں 1,000 افراد مارے گئے تھے، ان میں اکثر کا تعلق اقلیتی برادری سے تھا ۔ ویاس نے کہا کہ ’’مہاراشٹرا کے چیف منسٹر (ادھو ٹھاکرے) کو چاہئے کہ وارث پٹھان کے خلاف غداری کے الزام کے تحت کارروائی کرے اور ہندوستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ و ارث پٹھان کو پاکستان بھیج دے۔ ویاس نے جن کا تعلق ناگپور سے ہے، پٹھان کو چیلنج کیا کہ وہ ان کے شہر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم آپ کیلئے مناسب انتظامات کریں گے۔ کیا آپ سمجھتے ہیں ہم چوڑیاں پہن کر بیٹھے ہیں۔ ہم آپ سے نمٹنے تیار ہیں، لیکن ہم محسوس کرتے ہیں کہ سماج میں کوئی بدامنی نہ ہو‘۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان ویاس نے مزید کہا کہ ’ہم مسلم برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس قسم کے افراد کا بائیکاٹ کریں، برادری کو چاہئے کہ وہ ان افراد کو ایک اچھا سبق سکھائیں جو سماج میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔