وارنر نے ہندوستانی سیاحوں کو آسٹریلیا آنے کی دعوت دی

   

نئی دہلی: بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے آغاز سے قبل آسٹریلیا کے سابق دھماکہ خیز بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ٹورازم آسٹریلیا کے ساتھ ہندوستانی سیاحوں کو آسٹریلیا کی سیاحت کے لئے مدعو کیا ہے ۔ ٹورازم آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ ایک نئی سوشل کنٹینٹ سیریز میں سابق آسٹریلوی کرکٹر وارنرنے اپنے پسندیدہ سیاحتی مقامات سڈنی، میلبورن اور گولڈ کوسٹ میں چھٹیاں گزارنے کے دوران اپنے تجربات شیئر کیا ہے ۔ چار حصوں پر مشتمل سیریز ٹورازم آسٹریلیا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ ایٹ دی ریٹ آسٹریلیا پر دکھائی جائے گی۔ اسے ہندوستان میں بارڈر-گواسکر ٹرافی کے آغاز سے چند ہفتے قبل لانچ کیا گیا ہے ۔ وارنر نے نئی سوشل کنٹینٹ سیریز پر ٹورازم آسٹریلیا کے ساتھ تعاون کرنے پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہماری حیرت انگیز وائلڈ لائف سے لے کر ہمارے کافی کلچر اور سڈنی اوپیرا ہاؤس اور میلبورن کرکٹ گراؤنڈ جیسے آئیکنز تک، آسٹریلیا میں ہندوستانی سیاحوں کے لئے بہت کچھ ہے ۔ میں اپنے ملک کے بیک یارڈس کو دکھانے کا موقع پا کر بہت پرجوش ہوں۔ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 22 نومبر 2024 سے ویسٹرن آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ہونے جا رہا ہے ۔ ٹورازم آسٹریلیا کی منیجنگ ڈائریکٹر فلیپا ہیریسن نے کہا کہ ہم ہندوستان بھر کے کرکٹ شائقین کو ایک ہالیڈے ڈسٹنیشن کے طورپر آسٹریلیا میں دستیاب پرکشش مقامات کے بارے میں بتایا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے سابق آسٹریلیائی اوپنر کا سہارا لینا ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے ۔ ہیریسن نے کہا، “اس ویڈیو سیریز میں ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا میں اپنے چند پسندیدہ ہالیڈے ڈسٹنیشن سے لطف اندوز ہونے کے لئے خیر مقدم کرتے نظر آرہے ہیں، جن میں میلبورن کے مشہور گلی محلے ، سڈنی کی عالمی شہرت یافتہ بونڈی بیچ واک اور گولڈ کوسٹ کی حیرت انگیز جنگلی حیات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ سابق آسٹریلیائی اوپنر ہندوستان میں بے حد مقبول ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی سفارشات کو دیکھنے کے بعد، ہندوستانی سیاح آسٹریلیا میں چھٹیاں بک کرنا چاہیں گے تاکہ وہ خود اپنی آنکھوں سے ہماری ڈسٹنیشن کی دلکشی کو دیکھ سکیں۔