والدین کی فرمانبرداری میں ہی کامیابی مضمر

   

ڈان ہائی اسکول میں ریاضی کی کتاب کا رسم اجراء، اے سی پی بی آنند کا خطاب
حیدرآباد۔/10فروری، ( پریس نوٹ) ماں باپ کی اطاعت و فرمانبرداری میں ہی کامیابی مضمر ہے۔ ماں باپ ہر ایک کیلئے انمول رہتے ہیں ، ان کی خدمت اور دلجوئی اولاد پر لازم ہے۔ اے سی پی میر چوک بی آنند نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ریاضی کی مشقی کتاب کی رسم اجرائی انجام دینے کے بعد طلبہ سے مخاطب کرتے ہوئے اس کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ صبح بیدار ہوتے ہی سب سے پہلے ماں کو سلام کریں اور ان کی تعظیم کریں۔ آنند نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ اسمارٹ فون قطعی استعمال نہ کریں اس کے بیجا استعمال سے کئی ایک مسائل پیش آرہے ہیں۔ جیسے صحت کے مسائل، ذہنی خلفشار، تعلیم پر عدم توجہ،اس کے علاوہ سماجی مسائل وغیرہ ۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے خواہش کی کہ وہ اسکولی بچوں کو اسمارٹ فون کے استعمال کی اجازت نہ دیں۔ مصنف ریاضی کتاب پروفیسر عبدالمقصود نے بتایا کہ اس کتاب کے مطالعہ سے طلبہ کی ریاضی بنیادی طور پر مضبوط ہوگی کیونکہ اس میں ریاضی کے بنیادی تشریحات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس کتاب کے استعمال سے ایس ایس سی کے طلباء اپنے گریڈ میں کافی بہتری لاسکتے ہیں۔ تقریب کی صدارت ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس احمد نے کی۔ قبل ازیں ڈائرکٹر ڈان گروپ آف انسٹی ٹیو شنس جناب فضل الرحمن خرم نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مسرس محمود ساجد، محمد عبدالواجد فتح، عبدالواحد ، ایم اشوک کمار اور دیگر موجود تھے۔