روم ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں افرا تفری مچی ہوئی ہے۔ لیجنڈ رنر اٹلی کے ڈوناٹو سابیا بھی اس عالمی وبا کے شکار بن گئے ہیں۔ دو مرتبہ اولمپک کے فائنل میں پہنچنے والے ڈوناٹو اس وبا سے جان گنوانے والے دنیا میں پہلے اولمپک فائنلسٹ ہیں۔ اطالوی اولمپک باڈی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ ڈوناٹو نے دنیا کو وداع کہنے سے آٹھ دن پہلے ہی اپنے والد کو اس وبا کی وجہ سے کھو دیا تھا۔31 مارچ کو ڈوناٹو کے والد کورونا وائرس کے شکار بنے اور سات اپریل کو انہوں نے بھی اس وائرس کے آگے ہار مان لی۔ڈوناٹو دو مرتبہ اولمپک کے فائنل میں پہنچے تھے۔ 1984 اولمپک میں وہ پانچویں اور 1988 اولمپک میں ساتویں مقام پر رہے تھے۔ وہیں ڈوناٹو نے 1984 میں یوروپین انڈورچیمپئن شپ میں 800 میٹرکی ریس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ان کی سب سے بہترین کارکردگی 1:43.88 کی رہی ، جو انہوں نے 13 جون 1984 کو انجام دی تھی۔اٹالین ایتھیلیٹکس فیڈریشن کے سربراہ الفینو نے کہا کہ یہ سانحہ کے دور میں ایک بڑا سانحہ ہے۔ ڈوناٹو ایسے شخص تھے ، جن سے ہرکوئی محبت کرتا تھا۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ چین کے ووہان شہر سے پھیلنے والے اس وائرس کا سب سے زیادہ یوروپی ممالک میں ہی اثر دیکھنے کو ملا ہے۔ چین سے زیادہ اٹلی اور اسپین اس سے متاثر ہوئے ہیں۔