بنگلورو: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کرناٹک کے سابق وزیر اور کانگریس لیڈر بی ناگیندر کو والمیکی کارپوریشن گھپلے کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے ۔ای ڈی نے ناگیندر کے احاطے سمیت کئی مقامات پر دو دن کی وسیع تلاشی کے بعد یہ کارروائی کی ہے ۔ ناگیندر نے ای ڈی آفس جاتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مجھے میرے گھر سے لے جایا جا رہا ہے ،مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے ۔ یہ پیش رفت مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہے ۔ یہ اس وقت ہوا جب سابق وزیر کے پرسنل اسسٹنٹ ہریش اور ان کے پرسنل سکریٹری دیویندرپا سے جمعرات کو ناگیندر کی موجودگی میں 18 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی۔ ای ڈی افسر ناگیندر کو دیر رات پوچھ گچھ کے لیے لے گئے ۔یہ معاملہ 21 مئی کو کارپوریشن کے اکاؤنٹس سپرنٹنڈنٹ پی چندرشیکھرن کی موت کے بعد سامنے آیا تھا۔ ایک مبینہ خودکشی نوٹ میں، ندر شیکھرن نے کئی عہدیداروں پر کارپوریشن کے کھاتوں سے مختلف دیگر بینک کھاتوں میں غیر قانونی رقم کی منتقلی کا الزام لگایا ہے ۔