والنٹائن ڈے پر بجرنگ دل سے شادی کروایا گیا جوڑا دل برداشتہ

   

اقدام خودکشی کی کوشش ناکام ، مسلم لڑکی اور غیر مسلم لڑکے کو بچالیا گیا
حیدرآباد ۔ /15 فبروری (سیاست نیوز) ویلنٹائن ڈے کے موقع پر بجرنگ دل کی جانب سے زبردستی شادی کروانے سے دلبرداشتہ ایک جوڑے نے حسین ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کی کوشش کی ۔ انسپکٹر لیک پولیس اسٹیشن بی دھنالکشمی نے کہا کہ 22 سالہ لڑکے اور لڑکی کو بجرنگ دل کے کارکنوں نے کومٹی چیرو کے قریب انہیں پکڑلیا تھا اور ان کی جبراً شادی کروائی تھی ۔ بجرنگ دل کارکنوں نے اس مواد کو سوشیل میڈیا پر عام کردیا تھا جس کے نتیجہ میں نوجوان جوڑا اپنے والدین سے خوفزدہ ہوکر مکان واپس نہیں گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جوڑے میں لڑکی مسلم اور لڑکا غیرمسلم ہے اور دونوں نے آج صبح حسین ساگر ٹینک بینڈ پر واقع لو حیدرآباد پوائنٹ کے قریب پہونچ کر جھیل میں چھلانگ لگانے کی کوشش کررہے تھے کہ چوکس لیک پولیس عملے نے اس اقدام کو ناکام بنادیا ۔ دھنالکشمی نے کہا کہ بجرنگ دل کارکنوں کی اس حرکت کے بعد لڑکا اورلڑکی دلبرداشتہ ہوگئے تھے اور آج موٹر سائیکل پر شہر پہونچکر انتہائی اقدام کی کوشش کی ۔ لیک پولیس نے جوڑے کی کونسلنگ کرنے کے بعد سدی پیٹ پولیس کے حوالے کردیا ۔ واضح رہے کہ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ہندو بنیاد پرست تنظیم کے کارکنوں نے ریاست کے مختلف مقامات پر عاشق جوڑوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی جبراً شادی کروائی تھی ۔ اس سلسلے میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔