واٹس اپ نے تلگودیشم رکن راجیہ سبھا کا اکاؤنٹ بلاک کردیا

   

کمپنی کا دعویٰ، مرکزی حکومت کا رول،سی ایم رمیش کا الزام
حیدرآباد 9 فروری (یو این آئی) سماجی رابطہ کے اہم پلیٹ فارم واٹس اپ نے اے پی کی حکمراں جماعت تلگودیشم کے رکن راجیہ سبھا سی ایم رمیش کا اکاونٹ بلاک کردیا ہے ۔اس طرح اب واٹس اپ کے استعمال کا حق مسٹررمیش کو نہیں رہا ،واٹس اپ کمپنی نے واضح کیا کہ بعض افراد کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی ہے تاہم اس کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اس کو کس سے اور کس طرح کی شکایت ملی ہے ۔سی ایم رمیش نے ان کے واٹس اپ کے گزشتہ چند دنوں سے کام نہ کرنے کی شکایت کی اور اس خصوص میں ایک مکتوب کمپنی کو بذریعہ میل روانہ کیا جس پر کمپنی نے یہ انکشاف کیا اور کہا کہ وہ اس سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم کے استعمال کے حق سے محروم ہوگئے ہیں اور قواعد کی خلاف ورزی کی ان کے خلاف کئی شکایات موصول ہوئی ہیں اسی لئے ان کا اکاونٹ بلاک کیا گیاہے ۔کمپنی نے نشاندہی کی کہ استعمال کنندہ کی نجی معلومات کے حق کے تحفظ کے سبب شکایت کنندگان کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جاسکتیں،اس مکتوب میں سی ایم رمیش نے یہ بھی لکھا کہ وہ راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔