حیدرآباد 11 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) شہر میںایک طرف عوام لاک ڈاون مدت کے بے تحاشہ برقی بلوں سے پریشان ہیں تو دوسری طرف ایسے دوکاندار بھی ہیں جن کی دوکانیں لاک ڈاون میں بند تھیں لیکن انہیں بھی بھاری برقی بل جاری کردئے گئے ہیں۔ بیشتر معاملات میں 20 ہزار سے زائد کے بلز جاری کئے گئے ہیں اور تاجر پریشان ہیں کہ وہ ان بلز کی ادائیگی کس طرح سے کریں۔ محکمہ برقی کی جانب سے من مانی بلوں پر عوام کی ناراضگی کے دوران اب بند دوکانات کو بھی بھاری رقم کی بلز کی اجرائی سے تاجرین پریشان ہیں۔ یہ تاجر پہلے ہی لاک ڈاون اور مابعد حالات میں کاروبار نہ ہونے سے متفکر ہیں اور اپنے مستقبل کی فکر کر رہے ہیں ایسے میں بند دوکانات کو بھاری بلز کی اجرائی سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔