وبائی امراض پر قابو پانے اقدامات کی ہدایت

   

چیف سکریٹری شانتی کماری کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 9 جولائی (سیاست نیوز) چیف سیکریٹری شانتی کماری نے آج ضلع کلکٹرس کی ویڈیو کانفرنس سے خطاب میں ہدایت دی کہ وہ اضلاع میں موسمی اور وبائی امراض پر قابو پانے اقدامات کریں اور صحت عامہ پر خصوصی نظر رکھیں۔ انہوں نے خواتین کو خود مکتفی بنانے کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ حکومت نے تمام اضلاع میں مہیلا شکتی کینٹین کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سرکاری محکمہ جات میں تبادلوں پر شفافیت برتنے اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنانے تاکید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام اضلاع میں جملہ 49 انٹگریٹیڈ اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا اور اس کے مطابق ہر ضلع میں یہ اسکول قائم کئے جائیں گے جو ایک ہی احاطہ میں ہوں گے ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اضلاع میں 20 ایکڑ اراضی کے حصول کے اقدامات کریں اور اسکولوں کی تعمیر کیلئے نشاندہی کریں تاکہ حکومت سے اس پر عمل کا آغاز کیا جاسکے۔انہوں نے ضلع کلکٹرس سے دھرانی پورٹل کے متعلق شکایات پر استفسار کیا اور بتایا کہ گذشتہ 2.5 برس میں 57 ہزار سے زائد شکایات کو حل کیا جاچکا ہے اورجو شکایات زیر التواء ہیں ان کو جلد حل کرنے ہدایت دی۔ شانتی کماری نے زرعی امور کے علاوہ کھاد اور تخم کی سربراہی کے متعلق ضلع کلکٹرس کو تاکید کی کہ وہ اس عمل کو بھی شفاف رکھیں اور سرکاری اسکیمات کو ضلع واری اساس پر بہتر انداز میں پہنچائیں۔3