وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ہر ممکنہ انتظامات

   

صفائی پر خصوصی توجہ دینے عوام سے خواہش، نرمل میں ضلع کلکٹر ایم پرشانتی کی پریس کانفرنس

نرمل ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر نرمل و اطراف و اکناف کے علاقوں میں صاف صفائی کے لئے تیس روزہ ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ۔ میں نرمل ضلع کے تمام اٹھارہ منڈلوں میں صفائی کے لئے تمام عہدیداروں کو متحرک کرتے ہوئے دیہاتوں اور بلدی حدود میں جلد 396 مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے وبائی امراض کی روک تھام کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ بات نرمل ضلع کلکٹر ایم پرشانتی نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ محترمہ ایم پرشانتی نے بتایا کہ تیس روزہ ایکشن پلان کے تحت نرمل ضلع کے اٹھارہ منڈلوں میں اسپیشل آفیسر کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ہر موضع میں ڈمپنگ یارڈ کے علاوہ نرلریز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جہاں کہیں بھی برقی تاروں کی کارکردگی میں خرابی ہو اس کو فوری درست کرلینے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی جا چکی ہے ۔ وبائی امراض کے روک تھام کے لئے مکینوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ گھروں کے اطراف و اکناف پانی جمع ہونے نہ دیں اس لئے کہ گندے پانی کی وجہ سے مچھروں کی افزائش سے متعدد امراض کے پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ اس ایکشن پلان کی کامیابی کے لئے سارے ضلع میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ برقی مسائل کی مکینوں کے لئے بھی نوڈل آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے ۔ ساتھ میں گرام سبھاؤں کے لئے مواضعات میں اراکین کا انتخاب کرتے ہوئے عوام میں پلاسٹک کے استعمال کو روکنے کے لئے شعور بیدار کرنے کی مہم تیز کی گئی ہے ۔ عوام کو پلاسٹک کے استعمال سے روکنے اور پلاسٹک سے ہونے والے نقصانات سے واقف کروانے کیلئے محترمہ ایم پرشانتی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ اخبارات کے ذریعہ مسلسل عوام کی توجہ مبذول کروانے کی خواہش کی اور کہا کہ وبائی امراض کی روک تھام کے لئے انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے ۔ تاہم شہریوں کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ صاف صفائی کے معاملہ میں خصوصی توجہ دیں ۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ وبائی امراض کی وجہ عوام کافی پریشان ہیں بلکہ ضروری اشیاء کی خریدی سے زیادہ ادویات کی دکانوں پر ہجوم دیکھا جارہا ہے جبکہ ہر سرکاری خانگی دواخانوں میں مریضوں کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے۔