کے ٹی آر کا اعلان ‘ کیڈر میں کچھ حد تک تشویش ، صحتیابی کیلئے پوجا
حیدرآباد /6 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) گذشتہ تین ہفتوں سے وبائی امراض کا شکار بی آر ایس سربراہ چیف منسٹر کے سی آر کی صحت مزید ناساز ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سینہ میں سکینڈری انفیکشن پھیل جانے کا خود ان کے فرزند کے ٹی آرنے انکشاف کیا ہے ۔ کے ٹی آر آج سکندرآباد کنٹومنٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چند دن قبل وائرل فیور کا شکار تھے ۔ اب ان کے سینہ میں بیکٹریل انفیکشن پھیل گیا ہے ۔ ان کی صحتیابی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے ۔ چیف منسٹر کی ناسازی صحت پر کے ٹی آر کے بیان پر پارٹی حلقوں میں کچھ تشویش پھیل گئی ہے ۔ پارٹی کارکن اور حامی چیف منسٹر کی صحتیابی کیلئے منادر میں پوجا کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر چند دنوں سے بیمار ہیں ۔ 28 ستمبر کو کابینہ اجلاس کا اعلان کیا گیا تھا تاہم چیف منسٹر کی ناسازی صحت کے باعث اجلاس ملتوی کیا ۔ دوبارہ 3 تا 4 اکٹوبر کو کابینہ اجلاس کی اطلاعات تھیں تاہم اجلاس کے بغیر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے پی آر سی تشکیل دی گئی اور ملازمین کیلئے 5 فیصد عبوری الاونس کا اعلان کیاگیا ۔ حکومت نے سرکاری اسکولس طلبہ کیلئے چیف منسٹر ناشتہ اسکیم 24 اکٹوبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انتخابی شیڈول کی اجرائی کے امکان پر 6 اکٹوبر سے چیف منسٹر کی جانب سے افتتاح کا اعلان کیا گیا تھا مگر چیف منسٹر اس پروگرام میں حاضر نہیں ہوئے ۔ ن