وبائی امراض کے متاثرین میں تیزی سے اضافہ

   

Ferty9 Clinic

دونوں شہروں کے دواخانوں میں مریضوں کا ہجوم ، وائرل بخار کی شکایات ، صفائی پر توجہ دینے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد۔25جولائی (سیا ست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں اور شہر کے بیشتر سرکاری دواخانو ںمیں کھانسی ‘ سردی ‘ نزلہ ‘ بخاراور دیگر شکایات کے ساتھ مریضوں کا ہجوم رہنے لگا ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلی اور بارش کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں کی شروعات کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں وائرل فیور کی شکایات پائی جانے لگی ہیں۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ موسمی تبدیلی سے ہونے والی ان بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ پانی کو ابال کر استعمال کیا جائے کیونکہ پانی میں پائی جانے والی آلودگی کے سبب گلے میں خراش کے ساتھ وبائی امراض کا سلسلہ شروع ہوتا ہے اور گلے میں خراش کے ساتھ سر درد‘ زکام اور دیگر عوارض کے ساتھ اعضاء شکنی کی شکایات شروع ہونے لگتی ہیں اسی لئے احتیاطی اقدامات کو اختیار کرتے ہوئے صاف پانی کے استعمال کو ترجیح دی جائے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ وبائی امراض کے متعلق کہا جار ہاہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکی جانب سے رہائشی علاقوں میں صفائی اور کچرے کی نکاسی کے علاوہ شہریوں میں شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے اور شہریوں کو ملیریا کے علاوہ نمونیا کی وجوہات اور اس کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں واقف کروایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر س کا کہناہے کہ موسم بارش کے ساتھ ہی مچھروں اور مکھیوں کی کثرت کے سبب وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگتے ہیں اور ان امراض کو روکنے کیلئے فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع ہونے کی ضرورت ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہر حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں اور ان کے علاج و امراض کی تفصیل کے ساتھ ساتھ خانگی دواخانوں بالخصوص بچوں کے دواخانوں سے رجوع ہونے والے مریضوں کا مکمل ریکارڈ رکھیں تاکہ شہر میں پھیلنے والی وبائی بیماریوں کے سلسلہ میں مکمل ریکارڈ کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے تدارک کے اقدامات بھی کئے جاسکیں۔ شہریان حیدرآباد کو چاہئے کہ وہ اپنے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے علاوہ پینے کے پانی میں احتیاط اور اشیائے خورد ونوش کو مکھیوں سے محفوظ رکھیں تاکہ وبائی امراض کا شکار ہونے سے محفوظ رہا جاسکے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ وبائی امراض کا شکار وہ لوگ جلد ہونے لگتے ہیں جن کے جسم میں قوت مدافعت کمزور ہوتی ہے اسی لئے بچوں اور ضعیف حضرات کو موسمی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رہنے کی کوشش کرنی چاہئے اور بچوں میں وبائی امراض کی کوئی بھی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں انہیں فوری دواخانہ سے رجوع کیا جانا چاہئے ۔