وجئے ویر اور تیجسونی کو گولڈ میڈل

   

نئی دہلی : دہلی میں رواں آئی ایس ایس ایف ورلڈکپ میں ہندوستان کی مکسڈ جوڑی وجئے ویر سدھو اور تیجسونی نے 25 میٹر ریاپڈ فائر پستول میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ گولڈ میڈل کے حصول کے لئے مقابلہ ہندوستانی نشانہ بازوں کے درمیان ہی تھا اور مذکورہ جوڑی نے ہم وطن گرپریت سنگھ اور اشوک ابھیدھنیا پاٹل کو 9-1 سے پیچھے چھوڑا۔ ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں منعقدہ کوالیفکیشن 2 میں گرپریت اور پاٹل نے 370 نشانات کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا تھا جبکہ 16 سالہ تیجسونی اور 18 سالہ سدھو کا مجموعی اسکور 368 تھا۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز سدھو نے انفرادی زمرہ کے مقابلوں میں سلور میڈل حاصل کیا۔ رواں ٹورنمنٹ میں ہندوستانی ٹیم اپنی حکمرانی برقرار رکھی ہے جیسا کہ اِس نے تاحال 13 گولڈ، 8 سلور اور 6 برونز میڈل کے ساتھ مجموعی طور پر 27 میڈل حاصل کرتے ہوئے پہلے مقام پر موجود ہے۔ یاد رہے رواں ایونٹ میں 53 ممالک کے 294 نشانہ باز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں اور یہ عنقریب منعقد ہونے والے ٹوکیو اولمپک سے قبل آخری اور بڑا بین الاقوامی ایونٹ ہے۔