وجیانگرم کی ٹمبرمارکٹ میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ

   

حیدرآباد۔ 9۔ اکتوبر۔ ( یو این آئی) اے پی کے وجیانگرم کی ٹمبرمارکٹ میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں بڑے پیمانہ پر لکڑی اور دیگر تعمیری سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔یہ واقعہ وجیانگرم ضلع کے کولابازار علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔کولا بازار میں لکڑی، فرنیچر اور لکڑی کا دیگر سامان دسیتاب رہتا ہے تاہم اس علاقہ کی تقریبا 8دکانات میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پرفرنیچر اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔یہ واقعہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں تقریبا چار بجے صبح پیش آیا۔مقامی افراد نے اس بات کی اطلاع فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو دی جنہوں نے وہاں پہنچ کر آگ پرکافی جدوجہد کے بعد قابو پایا۔آگ کے ساتھ کثیف دھواں بھی نکل رہا تھا جس نے ساری مارکٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس واقعہ کے سبب ایک لڑکا اور ایک خاتون جو بازار کے قریب ہی رہتے ہیں کا دم گھٹ گیا۔ان کو علاج کے لئے فوری طورپر اسپتال منتقل کیاگیا۔ابتدائی تخمینہ کے مطابق اس واقعہ میں تقریبا پانچ لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔اس واقعہ میں کسی کی ہلاکت یا جھلسنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

لال صندل کی قیمتی لکڑی کے اسمگلرس گرفتار
حیدرآباد۔ 9۔ اکتوبر۔ ( یو این آئی) آندھراپردیش کے تروپتی میں ٹاسک فورس نے دو اسمگلرس کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 12لال صندل کی لکڑیاں ضبط کیں۔صندل کی لکڑیاں کافی قیمتی ہوتی ہیں ٰ جن کی اسمگلنگ کی جاتی ہے ۔یہ ضبطی تروپتی سے تقریبا 20کیلومیٹر دور کلیانا ڈیم کے قریب عمل میں آئی۔جنگلات میں آپریشن کے دوران دو اسمگلرس کو ٹاسک فورس نے گرفتار کیا۔پولیس نے لکڑی کی منتقلی کے لئے استعمال آٹو کو بھی ضبط کرلیا۔