ترواننت پورم ، 31 اگست (یو این آئی) کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین یکم ستمبر کو یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج میں 180 کروڑ روپے سے زیادہ کے 15 بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ، جو اس ادارے کی جدید کاری کے لئے جاری مہم میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ان منصوبوں میں 98.79 کروڑ روپے کے تکمیل شدہ کام اور 81.50 کروڑ روپے کے نئے منظور شدہ کام شامل ہیں ،جو 717.29 کروڑ روپے مالیت کے بڑے جدید کاری پروگرام کے دو مراحل کا حصہ ہیں۔ پہلا مرحلہ تکمیل کے قریب ہے ، دوسرے مرحلہ کا کام جاری ہے جس میں سڑک کی ترقی ، فلائی اوور کی تعمیر اور 32.76 کروڑ روپے کے لازمی بنیادی ڈھانچے کا کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے ۔قابل ذکر پروجیکٹوں میں 21.35 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا چھ منزلہ ایم ایل ٹی بلاک ، ایک لائبریری ، لیکچر ہال ، ریسرچ روم ، کانفرنس اور امتحانی ہال اور 81.50 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور شدہ سات منزلہ او ٹی بلاک شامل ہیں ، جس میں 14جدید ترین آپریشن تھیٹر ، 145 بستر اور 16 انتہائی نگہداشت والے یونٹ شامل ہیں ۔طلبا ، عملے اور عوام کے لیے بلا رکاوٹ ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کالج کی ایک نئی ویب سائٹ بھی لانچ کی جائے گی ۔وزیر صحت وینا جارج نے کہا کہ یہ نیا بنیادی ڈھانچہ مریضوں کی دیکھ بھال میں اضافے ، تعلیمی سہولیات کے فروغ اور تحقیقی صلاحیت کو عالمی معیارکا ہم پلہ بنا کر میڈیکل کالج کی یکسر تبدیلی کی علامت ہے ۔