کانگریس کا کھنڈوا پہن کر فنڈز کی اجرائی کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے جنرل باڈی اجلاس میں آج خیریت آباد کی کارپوریٹر وجیہ ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہن کر شرکت کی اور ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کے پہلے سے 2 کارپوریٹرس ہیں اور حال ہی میں وجیہ ریڈی نے ٹی آر ایس سے استعفی دے کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ دیگر دو کارپوریٹرس کے ساتھ وجیہ ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہن کر فنڈز کی اجرائی کے حق میں نعرے لگائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت نے جی ایچ ایم سی کو نظرانداز کردیا ہے۔ فنڈز کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں ترقیاتی کام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ وجیہ ریڈی اور دیگر دو کانگریسی کارپوریٹرس نے کنٹراکٹرس کو 800 کروڑ سے زائد کی عدم ادائیگی کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ کنٹراکٹرس نے بلز کی اجرائی تک ترقیاتی کاموں کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وجیہ ریڈی اور دیگر کارپوریٹرس نے پلے کارڈس کے ذریعہ احتجاج درج کرایا جس پر بلدیات کو نظرانداز کرنے کا حکومت پر الزام تھا۔ کارپوریٹرس نے کہا کہ کارپوریشن میں ٹی آر ایس کو اکثریت کے باوجود فنڈز کی اجرائی روک دی گئی ہے۔ حکومت حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں اور عوام کو بنیادی سہولتوںکی فراہمی کا دعویٰ کررہی ہے لیکن جی ایچ ایم سی کو ضروری بجٹ جاری نہیں کیا گیا۔ کانگریس کارپوریٹرس نے اس سلسلہ میں حکومت پر دباؤ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ر