شنزو آبے ، ایس پی بالاسبرامنیم و دیگر کو بھی اعلیٰ اعزازات ۔ راشٹرپتی بھون میں تقریب
پاسوان، گوگوئی، کیشو بھائی سمیت 60 معروف شخصیات کو بھی پدم ایوارڈس
نئی دہلی : معروف اسلامی اسکالروحیدالدین خان مرحوم کوآج صدر جمہوریہ ہندرام ناتھ کووندنے ملک کے دوسرے اعلی شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا۔مرحوم وحیدالدین خان کو پدم وبھوشن اعزازکے لیے جنوری 2021میں منتخب کیاگیاتھااور اس وقت وہ باحیات تھے لیکن اس ایوارڈکی تقریب سے قبل ہی 21 اپریل 2021کو96سال کی عمرمیں انتقال کرگئے ۔مولانا وحید الدین خان کا شمار ہمارے عہد کے ان ممتاز علما میں ہوتا ہے جنھوں نے دین کی تعبیر و تشریح کے ضمن میں اہم علمی کام کیا ہے ـ تصنیف و تالیف کے میدان میں ان کے نمایاں کارنامے ہیں ـ۔ مولاناوحیدالدین خان ہندوستان کی مردم خیز سرزمین اعظم گڑھ میں یکم جنوری 1925کو پیداہوئے اور وہاں کی عظیم درسگاہ مدرستہ الاصلاح سے تعلیم حاصل کی ۔آپ کی تحریریں بلاتفریق مذہب ونسل مطالعہ کی جاتی ہیں ۔وہ عام طورپر دانشورطبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں ۔انکا مقصد مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیداکرنا،اسلام کے متعلق غیرمسلموںمیں جوغلط فہمیاں ہیں انھیں دورکرنا تھا۔راشٹرپتی بھون کے عظیم الشان دربار ہال میں منگل کے روز منعقدہ تقریب میں مولاناوحیدالدین خان کے علاوہ جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے ، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے سابق ڈائریکٹر جنرل بی بی لال، ماہر امراض قلب کے ڈاکٹر بیلے موناپ ہیگڑے ،ایس پی بالاسبرامنیم ،نریندرسنگھ کپانی اور مجسمہ ساز سدرشن ساہو کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت کئی معززین موجود تھے ۔صدر کووند نے بیوروکریٹ نریپیندر مشرا، سابق لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن، آسام کے سابق وزیر اعلی ترون گوگوئی اور سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان سمیت 60 معروف شخصیات کو بھی باوقار پدم ایوارڈز سے نوازا۔ تقریب کے پہلے مرحلے میں چار شخصیات کو پدم وبھوشن، پانچ کو پدم بھوشن اور 51 کو پدم شری سے نوازا گیا۔ ماہر امراض قلب ڈاکٹر بیلے موناپ ہیگڑے اور مجسمہ ساز سدرشن ساہو کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ گوگوئی، پٹیل اور پاسوان کو یہ ایوارڈ بعد ازمرگ دیا گیا ہے ۔ پاسوان کے بیٹے اور گوگوئی کی اہلیہ نے ایوارڈ لیا۔ صدر نے مصنفہ اور گوا کی سابق گورنر آنجہانی مردولا سنہا اور استاد غلام احمد سمیت 51 شخصیات کو پدم شری سے نوازا ۔ پدم ایوارڈ آرٹ، سماجی خدمات، عوامی زندگی ، سائنس، کاروبار، طب، تعلیم، کھیل، ادب اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات کیلئے دیے جاتے ہیں ۔
