ورلڈکپ کیلئے 23 اپریل تک ٹیموں کا اعلان کرنے آئی سی سی کی ہدایت

   

دبئی ۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ میں 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست دینے کی شرط ختم کردی۔ ورلڈ کپ 2019ء کا آغاز 30 مئی کو ہوگا اور میگا ایونٹ کیلئے ہر ملک کو اپنی 15 رکنی ٹیم 23 اپریل تک آئی سی سی کو دینا ہوگی اور ٹورنمنٹ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل تک ٹیم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ 23 مئی کو میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں کی حتمی فہرست دے سکتی ہے، ایک ماہ کا عرصہ ٹیموں کیلئے اسپورٹ پیریڈ کہلائے گا۔23 اپریل سے 23 مئی کے دوران ایک ماہ میں اگر ٹیمیں چاہیں تو ٹیکنیکل وجوہات کی بنیاد پر ٹیم میں تبدیلی کرسکتی ہیں لیکن ٹورنمنٹ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل ٹیم صرف اسی صورت میں تبدیل ہوگی جب کسی ٹیم کے پاس اس کی ٹھوس وجہ ہوگی اور معاملہ ٹورنمنٹ کی تکنیکل کمیٹی کو سونپا جائے گا۔ اگر کسی ٹیم کا کوئی کھلاڑی ان فٹ ہوتا ہے تو اس ٹیم کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔