ریاست میں روڈ انفراسٹرکچر کو فروغ دینے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے عالمی بینک کے نمائندوں کو بتایا کہ تلنگانہ میں روڈ انفراسٹرکچر کو فروغ دینے میں عالمی سطح کے مالیاتی اداروں کے تعاون کے سلسلہ میں ریاستی حکومت تبادلہ خیال کر کے کوئی فیصلہ کرے گی ۔ ورلڈ بینک کے نمائندوں نے چیف ٹرانسپورٹ آفیسر رینوا نوجہ کی قیادت میں کل یہاں وزیر عمارات و شوارع سے ملاقات کی ۔ ورلڈ بینک ٹیم نے اس موقع پر دیگر ریاستوں میں عالمی بینک کے تعاون سے تعمیر ہورہی سڑکوں کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ بعد ازیں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ حالانکہ سڑک حادثات میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہورہے تھے تاہم سابق حکومت نے اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اس کے دس سالہ دور حکومت میں روڈ سیفٹی معیارات پر عمل نہیں کیا گیا ۔ بی آر ایس حکومت نے حادثہ کا شکار ہونے والوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ٹراما کیر سنٹرس بھی قائم نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تلنگانہ میں سڑکوں کی تعمیر میں ورلڈ روڈ کانگریس کے مقرر کردہ معیارات پر عمل کیا جارہا ہے ۔۔