ممنور ایرپورٹ کا احیاء ، مرکزی حکومت کا تلنگانہ حکومت کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں واقع ممنور ایرپورٹ سے 19 نشستوں پر مشتمل چھوٹے ہوائی جہاز چلانے کی تیاریاں ہورہی ہیں ۔ مرکزی حکومت نے تجربہ کے طور پر اس کا آغاز کرتے ہوئے آہستہ آہستہ اس کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی محکمہ شہری ہوا بازی نے اس کے لیے ضرورت کے مطابق تمام تیاریاں کرنے کا ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بہت جلد مرکزی و ریاستی حکومتوں کے عہدیداروں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہونے والا ہے ۔ جس کے بعد ہی ورنگل سے طیاروں کی خدمات کے آغاز کے لیے تاریخ کو قطعیت دی جائے گی ۔ حال ہی مرکزی وزیر شہری ہوا بازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے حیدرآباد کے دورے کے دوران پرگتی بھون پہونچ کر چیف منسٹر کے سی آر سے خیر سگالی ملاقات کی تھی ۔ چیف منسٹرکی جانب سے ریاست میں 6 نئے ایرپورٹ قائم کرنے کی یادداشت پیش کرنے پر مرکزی وزیر نے ورنگل سے طیاروں کی خدمات شروع کرنے کی اجازت دینے پر ہمدردانہ غور کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ بسنت نگر ، کتہ گوڑم اور دیواکدرہ پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ عادل آباد میں فوج کے ذریعہ طیارے چلانے کا سندھیا نے تیقن دیا تھا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ انہوں نے دہلی پہونچ کر اپنے محکمہ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اس کا جائزہ لیا اور ورنگل سے طیاروں کی خدمات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چھوٹے ایرپورٹس سے طیارے چلانے کے لیے ہندوستان ایروناٹکس لمٹیڈ ( ایچ اے ایل ) ادارہ سیول ڈاریز 228 طیارے تیار کرتا ہے ۔ محکمہ سیول ایوی ایشن اور ایچ اے ایل کے مابین ان کی خریدی اور انہیں چلانے کے لیے حال ہی میں ایک معاہدہ طئے پایا ہے ۔ جس کے تحت 19 نشستوں کے ساتھ کم رن وے کے ساتھ اترنے کی تیاری کررہا ہے ۔ ان کی دیکھ بھال کی لاگت بھی کم ہے ۔ پہلے ارونا چل پردیش سے اس کا آغاز ہوگا ۔ اس کے بعد دوسرے درجہ کے شہروں اور اضلاع تک اس کو توسیع دینے کا مرکزی حکومت نے منصوبہ تیار کیا ہے ۔ نظام کے دور حکومت 1930 کے دوران ممنور میں ایرپورٹ قائم ہوا ۔ 1987 تک یہاں طیاروں کی خدمات جاری رہی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ حکومت نئے ایرپورٹس قیام کرنے کی تجویز تیار کی جس میں ورنگل کا ایرپورٹ بھی شامل ہے ۔ حکومت نے تقریبا 1160 اراضی کے ساتھ 1829 میٹرس تک رن وے تیار کرنے کی تیاری کرلی ہے ۔۔ ن