ورنگل کارپوریشن پر ٹی آر ایس کا قبضہ یقینی

   

ٹکٹوں کی تقسیم میں سماجی انصاف ، ریاستی وزراء دیاکر راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس مکمل اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں ٹی آر ایس نے سماجی انصاف کیا ہے ۔ ورنگل میں ای دیاکر راؤ کی آفس میں پارٹی کے 18 امیدواروں کو بی فارم حوالے کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر ستیہ وتی راتھوڑ ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ، نائب صدر نشین ریاستی منصوبہ بندی بی ونود کے علاوہ پارٹی کے ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ موجود تھے ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ای دیاکر راؤ نے کہا کہ گریجویٹ حلقوں کے انتخابات میں ورنگل کے عوام نے ٹی آر ایس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ہے ۔ دوبارہ ورنگل کارپوریشن کے پارٹی امیدوار عوام سے رجوع ہورہے ہیں ۔ عوام انہیں بھی آشیرواد پیش کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔ تلنگانہ حکومت شہر ورنگل کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس کی کامیابی سے ہی ورنگل کی مزید ترقی ہوگی ۔ ٹی آر ایس عوامی جماعت ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے ۔ کئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنی سیاسی بصیرت سے مختصر عرصہ میں ریاست کو مثالی ترقی دی ہے ۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں سماج کے تمام طبقات سے انصاف کیا گیا ہے جو لوگ ٹکٹ سے محروم ہوئے ہیں ۔ وہ ہرگز مایوس نہ ہو پارٹی مستقبل میں ان کی خدمات سے استفادہ کرے گی ۔ پارٹی کے تمام قائدین متحد ہو کر پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنائے ۔ ستیہ وتی راتھوڑ نے کہا کہ ورنگل میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے ۔ کوئی دوسری اپوزیشن جماعت انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے انتخابات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کوئی بھی جماعت مقابلہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے اور رائے دہی سے قبل اپنی شکست تسلیم کرچکی ہے ۔۔