اہم اُمور پر تبادلہ خیال، باہمی تعاون کے مزید فروغ سے اتفاق
نئی دہلی ؍ واشنگٹن 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس دوران اُنھوں نے ہندوستان کے ساتھ امریکی تجارتی خسارہ جیسے حساس مسئلہ کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف مقابلہ اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے مواقع و امکانات پر بھی گفت و شنید کی گئی۔ دونوں قائدین نے پیر کی شام بات چیت کے دوران سال نو کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور 2018 کے دوران ہند ۔ امریکی حکمت عملی کی ساجھیداری کے مسلسل فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کے دفتر نے کہاکہ اُنھوں نے 2+2 مذاکرات کے میکانزم اور ہند ۔ امریکہ ۔ جاپان پہلی سہ فریقی مذاکرات کے آغاز جیسی پیشرفت کی ستائش بھی کی۔ وہائٹ ہاؤز نے اپنے بیان میں کہاکہ ’دونوں قائدین نے 2019 کے دوران ہند ۔ امریکہ حکمت عملی کی ساجھیداری کو مستحکم بنانے سے اتفاق کرلیا۔ ہندوستان کے ساتھ امریکی تجارتی خسارہ کو گھٹانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارجنٹائن کے دارالحکومت یوٹینوس ایریز میں نومبر کے دوران منعقدہ جی ۔ 20 چوٹی کانفرنس کے دوران جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کے بعد مودی اور ٹرمپ کے مابین ٹیلی فون پر یہ پہلی بات چیت تھی۔