پروجیکٹ چیتا کے تحت مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں آٹھ چیتوں کو چھوڑا
بھوپال : وزیرا عظم نریندر مودی نے آج 17 ستمبر کو اپنی سالگرہ کے موقع پر پروجیکٹ چیتا کے تحت مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں آٹھ چیتوں کو چھوڑا۔ ان چیتوں کو خصوصی کارگو طیارہ کے ذریعہ نمیبیا سے گوالیار لایا گیا۔ اس کے بعد چنوک ہیلی کاپٹر سے کونو نیشنل پارک لے جایا گیا۔ ان آٹھ چیتوں میں پانچ نر اور تین مادہ ہیں۔ پنجرے کا لیور دبا کر تین چیتوں کو خاص طور پر بنائے گئے کوارنٹائن زون میں چھوڑا گیا۔اس دوران ایک کے بعد ایک سبھی چیتوں کو افسران کے ذریعہ چھوڑ دیا گیا۔ ان سبھی آٹھ چیتوں کی ایک مہینے تک نگرانی کی جائے گی اور سب کچھ ٹھیک رہنے پر انہیں جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔وزیر اعظم مودی نے ’چیتا متروں‘ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ’چیتا متروں‘ کے ساتھ بیٹھ کر لمبی گفتگو کی اور تصویریں بھی لیں۔وزیر اعظم مودی نے اس دوران چیتوں کی تصویریں بھی کیمرے میں قید کیں۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی کے ساتھ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان بھی موجود تھے۔
پہلے کبوتر چھوڑتے تھے، آج چیتا چھوڑ رہے ہیں، مودی کا ریمارک
وزیراعظم نے نئی لاجسٹکس پالیسی کا آغاز کیا ۔ ہندوستان دنیا کی 5 ویں بڑی معیشت ہونے کا دعویٰ
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کی شام ملک کی نئی نیشنل لاجسٹکس پالیسی کی شروعات کی۔ اس دوران انہوں نے اس نئی پالیسی کی خوبیاں بتاتے ہوئے کہا کہ نیشنل لاجسٹکس پالیسی ٹرانسپورٹیشن سیکٹر کے چیلنجوں کا حل کرنے والی، آخری میل تک ڈیلیوری کی رفتار بڑھانے اور کاروباروں کیلئے پیسہ کا بچت کرنے والی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آج مدھیہ پردیش کے کونو نیشنل پارک میں نمیبیا سے لائے گئے آٹھ چیتوں کو چھوڑے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بدل رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان آج دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت ہے۔ ہمارا ملک بدل رہا ہے۔ ایک وقت تھا جب کبوتر چھوڑتے تھے، آج چیتا چھوڑرہے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ میک ان انڈیا اور خود کفیل ہوتے ہندوستان کی گونج ہر طرف ہے۔ ہندوستان ایکسپورٹ کے بڑے ہدف طے کررہا ہے، انہیں پورے بھی کررہا ہے۔ ہندوستان مینوفیکچرنگ ہب کے طور پر ابھر رہا ہے۔ وہ دنیا کے ذہن میں مستحکم ہورہا ہے۔ ایسے میں نیشنل لاجسٹک پالیسی سبھی سیکٹر کیلئے نئی توانائی لے کر آئی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کے امرت کال میں ملک نے ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ہندوستان میں لاسٹ مائل ڈیلیوری تیزی سے ہو، ٹرانسپورٹ سے وابستہ چیلنجز ختم ہوں، ہماری صنعتوں کا وقت اور پیسہ دونوں بچیں، ان سبھی امور کا حل تلاش کرنے کی ایک مسلسل کوشش کی جارہی ہے، اسی کی ایک شکل نیشنل لاجسٹک پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل لاجسٹکس پالیسی کو سب سے زیادہ مدد اگر کسی سے ملنی والی ہے تو وہ پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ملک کی سبھی ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اس سے جڑ چکے ہیں اور تقریبا سبھی محکمے ایک ساتھ کام کرنا شروع کرچکے ہیں۔