وزیراعظم مودی سے ادھو ٹھاکرے کی ملاقات

,

   

مراٹھا ریزرویشن ،جی ایس ٹی بقایاجات و دیگر امور پر تبادلہ خیال

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی سے آج نئی دہلی میں چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے ملاقات کی اور زیرالتواء جی ایس ٹی بقایا جات ، مراٹھا ریزرویشن ، میٹرو کارشیڈ ، سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر اجیت پوار کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر اشوک چوان بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے بتایا کہ مہاراشٹرا سے متعلق کئی اہم امور پر وزیراعظم سے بات چیت کی گئی ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم مہاراشٹرا ریاست سے متعلق امور اور مسائل کی یکسوئی پر سنجیدگی سے غور کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں مراٹھا ریزرویشن کے علاوہ او بی سی ریزرویشن کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ریاست کو مرکزی امداد کی فوری ضرور ت ہے ۔ اشوک چوان نے بتایا کہ مراٹھا ریزرویشن پر سپریم کورٹ نے اس سال فیصلہ کیا ہے ۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ریاستوں کو ایس سی ، ایس ٹی مسئلہ پر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ /5 مئی کو سپریم کورٹ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ سے وزیراعظم کو واقف کروایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ریاستیں ریزرویشن منظور نہیں کرسکتیں ۔ اشوک چوان نے کہا کہ ریزرویشن ریاست کا حق ہے ۔ ہمیں ہمارا حق ملنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ طبقات کی بنیاد پر 50 فیصد تحفظات کا حد کو ختم کیا جانا چاہئیے ۔ یہ نہ صرف مراٹھا ریزرویشن کیلئے بلکہ او بی سی ریزرویشن کیلئے ہونا چاہئیے ۔ اس طرح مراٹھا طبقہ کے ساتھ انصاف ہوگا ۔ اجیت پوار نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے وزیراعظم کے سامنے 12 مسائل پیش کئے ۔