وزیراعظم مودی کو مارنے کا تبصرہ، کانگریس لیڈر گرفتار

,

   

نئی دہلی: مدھیہ پردیش میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر راجہ پتریا کو پولیس نے منگل کی صبح گرفتار کر لیا۔ پولیس پتریا کو جے ایم ایف سی کورٹ پوائی میں پیش کرے گی۔قبل ازیں پولیس راجہ پتریا کو پوائی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر لے گئی۔ پتریا کو دموہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دراصل راجہ پتریانے پیر کو متنازعہ تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے قتل کی بات کہی تھی۔ اس کے بعد دہلی سے کانگریس ہائی کمان نے بھی اپنے لیڈر کے پی ایم مودی کے خلاف کیے گئے ریمارکس کی مذمت کی۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے ڈپٹی انجینئر سنجے کمار کھرے کی شکایت پر راجہ پتریاکے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پیر کی صبح سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں راجہ پتریا کو کانگریس کارکنوں کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، مودی الیکشن ختم کر دیں گے۔ مودی مذہب، ذات پات، زبان کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کریں گے۔دلتوں، قبائلیوں اور اقلیتوں کی مستقبل کی زندگی خطرے میں ہے۔ آئین بچانا ہے تو مودی کو مارنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ مارنے کا مطلب ہے، شکست دینے کا کام کرو۔ راجہ پتریا کا یہ مبینہ ویڈیو مدھیہ پردیش کے پنا ضلع کے پوائی میں واقع پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے ریسٹ ہاؤس کا ہے۔مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے راجہ پتریاکے خلاف مقدمہ درج کرنے کی اطلاع دی۔ راجہ پتریاکے خلاف پنا ضلع کے پوائی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔