کورونا کیسیس میں اضافہ کیلئے ذمہ دار ، چیف منسٹر بنگال کا الزام
کولکاتا: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے ملک میں کوروناوائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا۔ ممتابنرجی نے الزام عائد کیا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے انتظامی منصوبہ بندی میں وزیراعظم ناکام ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا کیسیس میں اضافہ کیلئے وہ ذمہ دار ہیں اور انہیں اس کیلئے مستعفی ہونا چاہئے۔ وہ موجودہ بحران اور صورتحال کیلئے ذمہ دار ہیں۔ ممتابنرجی نے مزید کہا کہ بی جے پی کورونا وائرس وبا سے مؤثر انداز میں گجرات میں نمٹ نہیں پائی اور مغربی بنگال کے بشمول تمام ملک میں ایسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی بنگال کی جانب سے ریاست کے ہر شہری کو مفت ٹیکہ اندازی کیلئے 5.4 کروڑ ویکسین کی ڈوز کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر وزیراعظم کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔