ہند۔ سعودی عرب تعلقات مضبوط، کورونا وبا پر تبادلہ خیال
غیرمقیم ہندوستانیوں کی مدد کرنے پر اظہارتشکر
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور کوروناوائرس وبا کے دوران سعودی حکام کی جانب سے غیرمقیم ہندوستانیوں کی مدد کرنے پر اظہارتشکر کیا۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے بات چیت کرتے ہوئے کوویڈ۔19 وبا کے پیش نظر عالمی چیلنجس پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ شاہ سلمان سے فون پر بات ہوئی ہے۔ اس بات چیت میں سعودی صدارت میں G-20 کی کارکردگی اور سعودی عرب کے رول کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوویڈ۔ 19 سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ مودی نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ حالیہ برسوں میں ہند۔ سعودی عرب باہمی تعلقات میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے علحدہ بیان میں کہا کہ مودی نے G-20 گروپ کے اجلاس کے دوران سعودی عرب کی صدارت میں فراہم کردہ قیادت کی ستائش کی اور کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ ہندوستان کا اچھا دوست ملک رہا ہے۔ دونوں قائدین نے G-20 کی سطح پر کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے باہمی رابطہ کو فروغ دینے پر توجہ دی۔ دونوں قائدین نے G-20 کے اصل ایجنڈہ پر بھی ترجیحی بنیادوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات پر بھی اظہاراطمینان کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام شعبوں میں سعودی عرب کیساتھ اشتراک اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔ مودی نے شاہ سلمان اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان کے ساتھ سعودی عرب کے تمام شہریوں کی خوشحالی اور بہتر صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔