وزیراعظم مودی کی 4 چیف منسٹرس سے فون پر بات چیت

   

کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال ، ریاستوں کو ممکنہ امداد کا تیقن
نئی دہلی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج علحدہ طور پر 4 چیف منسٹرس سے کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھوٹھاکرے ، چیف منسٹر تاملناڈو ایم کے اسٹالن ، مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور ہماچل پردیش کے چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر سے ان کی ریاستوں میں کورونا کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ مہاراشٹرا ملک کی پہلی ریاست ہے جو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ وزیراعظم ٹھاکرے سے بات چیت کے دوران کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے میں مہاراشٹرا حکومت کے اقدامات کی ستائش کی ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ مختلف تجاویز کو قبول بھی کیا ہے ۔ ادھو ٹھاکرے نے وزیراعظم سے بات چیت کے دوران مہاراشٹرا کے لیے مناسب آکسیجن کی سربراہی کے مطالبہ کا اعادہ کیا ۔ مہاراشٹرا میں تازہ اطلاعات کے مطابق 54 ہزار نئے کیسیس ریکارڈ کیے گئے ہیں ۔ گذشتہ 2 دنوں کے دوران وزیراعظم مودی نے چیف منسٹرس سے کورونا کے مسئلہ پر بات چیت کرتے ہوئے ریاستوں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اپنے ایک ٹوئیٹ پیام میں مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیو راج سنگھ چوہان نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں کورونا مریضوں کے تناسب میں کمی پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا اور مرکز کی جانب سے ہر ممکن امداد کا تیقن دیا ۔ اس موقعہ چوہان نے کورونا وائرس نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے کیے جارہے اقدامات کی تفصیلات سے بھی وزیراعظم کو واقف کروایا ۔ ہماچل پردیش کے چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر نے بھی اپنے ٹوئیٹ میں وزیراعظم سے ہوئی بات چیت کی تفصیلات پیش کی ۔ مودی نے تملناڈو کے نو منتخب وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن سے ٹیلی فون پر بات کی اور کورونا وبا سے پیدا شدہ صورتحال کی تفصیلات پر غور و خوض کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق مسٹر مودی نے ریاستی حکومت کی کوششوں اور تدابیر کی تعریف کی۔