وزیراعظم نریندر مودی پر چیف منسٹر تلنگانہ اور وزراء کو ہراساں کرنے کا الزام

   

فرزند کو سی آر پی ایف اور انکم ٹیکس عہدیداروں کی زدکوبی ، وزیر ملاریڈی کا ادعا
حیدرآباد۔23۔نومبر(سیاست نیوز) مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی کابینہ میں شامل وزراء کو مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ ہراساں کررہے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدار50 مختلف مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے دہشت پیدا کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیر لیبر مسٹر سی ایچ ملا ریڈی نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ مسٹر ملاریڈی کے فرزند سی ایچ مہیندر ریڈی کو سینے میں درد کی شکایت پر دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا اور مسٹر ملا ریڈی اپنے فرزند کو دیکھنے کے لئے مکان سے باہر نکلے تھے جہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی جانب سے گھیر لیئے جانے پر انہوں نے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور ایجنسیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ایماء پر تلنگانہ کے وزراء کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ انہیں ان کے بیٹے سے ملاقات کرنے نہیں دیا گیا جو دواخانہ میں شریک ہے۔ ریاستی وزیر نے سی آر پی ایف اور انکم ٹیکس عہدیداروں پر الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کو رات بھر زدوکوب کیا گیا جس کے نتیجہ میں اس کی صحت بگڑ گئی ہے۔ ملاریڈی نے استفسار کیا کہ انہیں کیوں نشانہ بنایا جا رہاہے !وہ حوالہ یا قمار بازی کے اڈے نہیں چلا رہے ہیں بلکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سرپرستی میں تعلیمی ادارے چلارہے ہیں ‘انہو ںنے دعویٰ کیا کہ ان کے اداروں میں کئی مستحق و غریب طلبہ کو اعلیٰ تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ انہو ںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ان کے داماد اور فرزندان کے علاوہ بھائیوں کے مکانات پر انکم ٹیکس کے دھاؤوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے رفقاء کے پاس سے غیر محسوب دولت برآمد ہوتی ہے تو اس کا ان سے تعلق ہونا ضروری نہیں ہے پھر کیوں انہیں ہراساں کیا جا رہاہے !اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن اسمبلی قطب اللہ پور مسٹر ویویکانند کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل ایس ۔ راجو اور دیگر موجود تھے۔م