وزیراعظم نریندر مودی کا آئندہ ماہ دورہ حیدرآباد: کشن ریڈی

   

ایم ایل سی الیکشن میں بی جے پی کی کامیابی خوش آئند، امتحانی پرچوں کے افشاء سے بی جے پی لاتعلق
حیدرآباد/19 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس پر 720 کروڑ روپئے کا خرچ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے تروپتی تک عنقریب وندے بھارت ریلوے کا آغاز کیا جائیگا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کوئی ترقیاتی کام شروع کیا جائے کے سی آر اور کے ٹی آر اس کا سہرا اپنے سر لینے کی کوشش کرتے ہیں اور اگر کوئی غلط کام ہو تو اس کیلئے بی جے پی کو ذمہ دارقرار دیا جاتا ہے۔ کشن ریڈی نے سوال کیا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء سے بی جے پی کا کیا تعلق۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان اگر شراب کا کاروبار کرے تو اس میں مجھے کیا نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کے سی آر خاندان کو غیر ضروری طور پر نشانہ بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ خواتین کے بارے میں بی آر ایس قائدین کو اظہار خیال کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں خواتین کو 33 فیصد ٹکٹ الاٹ کئے جائیں۔ ٹیچرس ایم ایل سی نشست پر بی جے پی تائیدی امیدوار کی کامیابی پر کشن ریڈی نے ٹیچرس سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سمجھ چکے ہیں کہ تبدیلی بی جے پی سے ممکن ہے اور جسکا اظہار ایم ایل سی نشست کے نتیجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے ذریعہ بی جے پی ریاست کو تبدیلی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ر