وزیراعظم نریندر مودی کا 5 فروری کو دورہ حیدرآباد

   

اکریساٹ تقاریب کاافتتاح اور مجسمہ مساوات کی رونمائی

حیدرآباد۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی 5 فروری کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نریندر مودی دوپہر 2.45 بجے انٹرنیشنل کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار سیمی ایرڈ ٹراپکس (اکریساٹ) کیمپس کا پٹن چیرو میں دورہ کریں گے اور اکریساٹ کی 50 ویں سالانہ تقاریب کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم شام میں مجسمہ مساوات کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ 2016 فیٹ بلند مجسمہ مساوات گیارھویں صدی کے سنت رامانوجا چاری کا ہے جنہوں نے مختلف مذاہب ذات پات کے ماننے والوں کے درمیان مساوات کے نظریہ کو فروغ دیا تھا۔ شمس آباد کے علاقہ میں چنا جیر سوامی مٹھ کے حدود میں یہ مجسمہ تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ مختلف ریاستوں کے گورنرس اور چیف منسٹرس اس تقریب میں مدعو ہیں۔ یہ مجسمہ پنچ لوہا سے تیار کیا گیا ہے جس میں پانچ مختلف دھاتیں شامل کی گئیں جن میں سونا ، چاندی ، کاپر ، براس اور زنک شامل ہیں۔ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بلند مجسمہ ہے۔ پروگرام کے دوران رامانوجا چاری کی زندگی اور تعلیمات پر تھری ڈی پریزینٹیشن کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی مجسمہ کے قریب واقع مندروں کا درشن کریں گے ۔ مجسمہ کی نقاب کشائی کے سلسلہ میں 12 روزہ تقاریب کا آغاز ہوچکا ہے جو رامانوجا چاری کی 1000 ویں یوم پیدائش تقاریب کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اکریساٹ میں ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر ریسرچ فیسیلیٹی اور ریاپڈ جنریشن اڈوانسمنٹ فیسیلیٹی کا افتتاح کریں گے۔ ایشیاء اور افریقی ممالک کے چھوٹے کسانوں کو اس نئی ٹکنالوجی سے فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم اکریساٹ کا لوگو اور یادگاری اسٹامپ جاری کریں گے۔ر