وزیراعظم نیوزی لینڈ کی دہلی آمد،آج مودی سے ملاقات

,

   

نئی دہلی : نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے اتوار 16 مارچ کو دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہندوستان کا پانچ روزہ دورہ شروع کیا۔پیر 17 مارچ کو لکسن وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے اور رئیسنا ڈائیلاگ کے افتتاحی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی نئی دہلی آمد پر مرکزی وزیر مملکت ایس پی سنگھ بگھیل نے ہوائی اڈے پر نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ شام کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے لکسن سے ہوٹل میں خیرسگالی ملاقات کی ۔ کرسٹوفر لوکسن نئی دہلی میں 17سے 19مارچ تک منعقد ہونے والے ہندوستان کے فلیگ شپ سفارتی پروگرام رائسینا ڈائیلاگ میں مہمان خصوصی اور کلیدی اسپیکر ہوں گے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو رائسینا ڈائیلاگ کا افتتاح کریں گے تاکہ بین الاقوامی برادری کو درپیش سب سے مشکل مسائل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے ۔ رائسینا ڈائیلاگ کے 10ویں ایڈیشن کا موضوع ’کالچکر۔ لوگ، امن اور زمین‘ہے۔ وزیر اعظم کرسٹوفر لوکسن پیر کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے ، جس میں دونوں رہنما ہند۔نیوزی لینڈ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم مودی مہمان خصوصی کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔