وزیراعظم نے کورونا ٹیکہ کی تیاری کاجائزہ لیا

,

   

حیدرآباد۔ وزیراعظم نریندر مودی کورونا ویکسین کی تیاری کے مرحلہ کا جائزہ لینے اور معلومات حاصل کرنے حیدرآباد پہنچے ۔احمد آبادمیں ویکسین کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد وہ حیدرآباد پہنچے ۔حکیم پیٹ ایرفورس اسٹیشن پر چیف سکریٹری سومیش کمار،ڈی جی پی مہیندر ریڈی ،میڑچل کلکٹر شویتا موہنتی،سائبرآباد کمشنر وی سی سجنار اور حکیم پیٹ ایرفورس کمانڈنٹ نے ان کا استقبال کیا۔وہ ایرپورٹ سے بھارت بائیو ٹیک پہنچے جہاں انہوں نے سائنسدانوں سے کورونا ٹیکہ کی تیاری کے مرحلہ اور اس سے متعلق چیلنجس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیراعظم نے سائنسدانوں سے بات چیت کی اور ٹیکہ کی تیاری،ملک کے شہریوں کو دستیابی اور چیلنجس پر معلومات حاصل کیں۔ملک میں کوویڈ19کے ٹیکہ کی تیاری کے اقدامات کے مقصد سے تین شہروں دورہ کے حصہ کے طورپر وہ حیدرآباد پہنچے ۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے اشتراک سے بھارت بائیوٹیک کمپنی اس ٹیکہ کی تیاری کر رہی ہے ۔ بھارت بائیو ٹیک کے حکام نے وزیراعظم کو تفصیلا ت سے واقف کروایا ۔اس ٹیکہ کے انسانوں پر تجربہ کا تیسرا مرحلہ حال ہی میں شروع ہوا۔