پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام سے خطاب :11 ہزار کروڑ کے ترقیاتی پراجکٹس
ایم ایم ٹی ایس کی نئی سرویسز کا آغاز، چیف منسٹر کے سی آر کی شرکت کا امکان نہیں
حیدرآباد۔7۔اپریل (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے کل 8 اپریل کو دورہ حیدرآباد کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے مختلف پراجکٹس کے آغاز کے سلسلہ میں وزیراعظم حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ نریندر مودی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے ۔ یہ ٹرین سکندرآباد تا تروپتی چلائی جائے گی۔ وزیراعظم 11.30 بجے خصوصی طیارہ سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے اور 11.45 بجے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔ وندے بھارت ٹرین کے افتتاح اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد کے بعد وزیراعظم پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پہنچیں گے ۔ وہاں سے ورچول موڈ میں بعض ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے اور پھر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ پروگرام کے مطابق وزیراعظم دوپہر 1.30 بجے نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ وزیراعظم کے اس دورہ میں 11355 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگا جن میں سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عصری بنانے پر 715 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ سکندرآباد تا محبوب نگر ریلوے لائین کی ڈبلنگ کاموں کا وزیراعظم افتتاح کریں گے جس پر 1410 کا خرچ آئے گا ۔ ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کے تحت بلارم تا میڑچل اور فلک نما تا عمدہ نگر 11 نئی سرویسز کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم تلنگانہ میں 7864 کروڑ سے 6 قومی شاہراہوں کی تعمیر کا آغاز کریں گے ۔ بی بی نگر میں واقع ایمس میں 1366 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے وزیراعظم کے پروگرام کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے مطابق وندے بھارت ٹرین کے آغاز سے حیدرآباد اور تروپتی کے درمیان مسافت میں 3گھنٹے اور 30 منٹ کی کمی واقع ہوگی۔ وزیراعظم ایم ایم ٹی ایس کی نئی سرویسز کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے ۔ سکندرآباد تا محبوب نگر ڈبلنگ اور الیکٹریفکیشن کے پراجکٹ کے تحت 9 بریجس اور 152 چھوٹے بریجس کے علاوہ 17 لیول کراسنگ گیٹس کی تعمیر کا کام شامل ہے۔ مرکزی حکومت نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں مسافرین کو مزید بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے 720 کروڑ سے عصری اور ترقیاتی منصوبہ کی منظوری دی ہے۔ وندے بھارت ٹرین سکندرآباد سے تروپتی کے درمیان نلگنڈہ ، گنٹور ، اونگول اور نیلور میں توقف کریگی۔ وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کے سی آر کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ریاستی وزراء پرشانت ریڈی اور سرینواس یادو چیف منسٹر کی نمائندگی کریں گے۔ر