وزیراعظم کی سیکوریٹی میں کوتاہی ، سپریم کورٹ میں آج سماعت

   

نئی دہلی : سپریم کورٹ میں پیر 10 جنوری کو وزیراعظم نریندر مودی کی پنجاب کے دورہ کے موقع پر سیکوریٹی میں ہوئی کوتاہی اور نقص سے متعلق درخواست کی سماعت ہوگی۔ پنجاب کے فیروزپور میں احتجاجیوں کے باعث وزیراعظم کا قافلہ ایک فلائی اوور پر 15 سے 20 منٹ تک رکا رہا۔ بعدازاں وزیراعظم اپنے پروگراموں کو چھوڑ کر واپس ہوگئے۔ چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور ہیماکوہلی پر مشتمل سپریم کورٹ کی سہ رکنی بنچ درخواست کی سماعت کرے گی جو وکلاء کی ایک تنظیم کی جانب سے داخل کی گئی ہے۔ عدالت عظمی نے جمعہ کو پنجاب اور ہریانہ ہائیکورٹ کے رجسٹرار جنرل کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیراعظم کے پنجاب دورہ کیلئے کئے گئے انتظامات سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھیں۔