ٹیکہ اندازی مستقل جاری رہنے والی مہم۔ عوام عجلت پسندی کا مظاہرہ نہ کریں: ایٹالہ راجندر
حیدرآباد : ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ٹیکہ اندازی مستقل چلنے والی مہم ہے۔ عوام نہ ہی جلد بازی کا مظاہرہ کریں اور نہ ہی کوئی ڈروخوف میں مبتلا رہے۔ گاندھی ہاسپٹل میں ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست بھر میں 140 مراکز سے ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور پہلے دن ہر مرکز پر 30 افراد کو ٹیکہ دیا جائے گا۔ رفتہ رفتہ تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کورونا بحران کے وران طبی عملہ اور صفائی کرمچاریوں کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے مرحلہ میں طبی عملہ اور صفائی کرمچاریوں کو ٹیکہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ ایٹالہ راجندر نے ٹیکہ اندازی کیلئے عجلت پسندی کا مظاہرہ نہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مستقل چلنے والی مہم ہے۔ ہر ایک کو ٹیکہ ملے گا عوام جلد بازی نہ کریں بلکہ صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیں۔ لمحہ آخر میں ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے پہلا ٹیکہ لینے کے فیصلے سے دستبردار ہوگئے۔ انہوں نے ریاست کے عوام کو ٹیکہ پر اعتماد بڑھانے کیلئے خود پہلا ٹیکہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ وزیراعظم نریندر مودی نے اس پر اعتراض جتایا ہے۔ قومی میڈیا میں وزیراعظم کا ردعمل سامنے آنے کے بعد ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے لمحہ آخر میں اپنے فیصلہ سے دستبردار ہوگئے اور گاندھی ہاسپٹل میں اپنی موجودگی میں صفائی کرمچاری کو پہلا ٹیکہ دلوایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر پہلا ٹیکہ عوامی منتخب نمائندے لیتے ہیں اس پر عوام میں ناراضگی اور برہمی پیدا ہوسکتی ہے۔ لہٰذا پہلے فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکہ دینے کا فیصلہ کیا اور مرکزی حکومت نے اس کیلئے خصوصی احکامات بھی جاری کئے جس کے بعد گورنر کے ساتھ وزراء اور دوسرے عوامی منتخب نمائندوں نے وزیراعظم کے فیصلے کا احترام کرنے کا اعلان کیا۔