فرٹیلائیزرس کمپنی کو خانگیانے کی تیاری، سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے وزیراعظم کے دورہ راما گنڈم کے موقع پر بائیں بازو جماعتوں اور مزدوروں کی جانب سے احتجاج کی تائید کی اور کہا کہ وزیراعظم کو تلگو ریاستوں کے ساتھ ناانصافی کی وضاحت کرنی چاہئے ۔ سامبا سیوا راؤ نے گوداوری کھنی میں سنگارینی کالریز ملازمین کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر احتجاج کی حکومت عملی طئے کی گئی ۔ سی پی آئی سکریٹری نے کہا کہ گوداوری فرٹیلائیزرس اینڈ کمیکلس لمٹیڈ کو قوم کے نام معنون کرنے کیلئے وزیراعظم راما گنڈم کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایک سال قبل کمپنی نے پیداوار کا آغاز کردیا ، لہذا وزیراعظم کا دورہ غیر ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالریز کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور راما گنڈم فرٹیلائیزرس کو بھی اڈانی اور امبانی کے حوالے کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے وقت تلگو ریاستوں سے جو وعدے کئے گئے تھے ، ان کی تکمیل میں مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ سامبا سیوا راؤ نے کہاکہ مخالف کسان قوانین کو دوبارہ نافذ کرنے کی تیاری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر احتجاج کو حق بجانب قرار دیا ۔ ر