حیدرآباد ۔ 13 نومبر ( سیاست نیوز) بازار گھاٹ اپارٹمنٹ آتشزدگی واقعہ کے بعد ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر وہاں کا معائنہ کیا ۔ اس دوران کے ٹی آر نے محکمہ فائر سروسیس اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے اس واقعہ سے متعلق تفصیلات حاصل کی اور اس لاپرواہی پر سخت کارروائی کی ہدایت دی ۔ ریاستی وزیر برائے انفارمیشن ٹکنالوجی نے متاثرہ اپارٹمنٹ کے تفصیلی معائنہ کے بعد مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 5لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے پیام میں اس واقعہ پر غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ اس حادثہ پر صدر جمہوریہ شریمتیدروپدی مرمو نے اپنے پیام میں جان و مال کا نقصان پر غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کو جلد صحت یابی کی خواہش کی ۔