سرینگر: وزیر اعظم نریندر مودی کل یعنی پیر کی صبح دس بجے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سونمرگ میں زائد از 27سو کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کریں گے۔ یہ وزیر اعظم کا سال 2025 میں جموں و کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا۔ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد وہ ایک عوامی ریالی سے بھی خطاب کریں گے ۔حکام کے مطابق 27 سو کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار 6.4 کلو میٹر طویل زیڈ موڑ ٹنل سے سرینگر سے سونمرگ تک سال بھر بلا تعطل رابطہ قائم رہے گا اور اس کے علاوہ مقامی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ ٹنل سری نگر اور لیہہ کے درمیان سفر کے وقت میں کمی کا باعث بن جائے گی ۔ یہ ٹنل اسٹراٹیجک لحاظ سے ایک اہم منصوبہ ہے جو سال بھر ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گا۔ چیف منسٹر عمر عبدللہ نے وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر تیاریوں کا جائزہ لیا۔دریں اثنا وزیر اعظم کے دورے پیش نظر سری نگر سمیت وادی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ضلع گاندربل کے سونمرگ اور گگن گیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کیا گیا ہے اور گگن گیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی این ایس جی کمانڈوز کے ساتھ ساتھ فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔ٹنل کے نزدیک کسی بھی عام شہری کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔افتتاحی تقریب میں روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے علاوہ دیگر معززین بھی شرکت کریں گے ۔