وزیر اعظم مودی کے مصروف ترین دورۂ جاپان کا اختتام

,

   

بشمول ترکی کے صدر اردغان چھ ممالک کے سربراہان سے ملاقات
اوساکا۔/29 جون،( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو یہاں چھ ملکوں انڈونیشیا، برازیل ، ترکی ، آسٹریلیا ، سنگاپور اور چلی کے قائدین سے علحدہ طور پر باہمی ملاقات کی اور بشمول تجارت ، انسداد دہشت گردی ، دفاع، بحری و سمندری سلامتی و اسپورٹس متعدد اُمور و مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے جو جی۔ 20 کانفرنس میں شرکت کے لئے جاپان کے شہر اوساکا میں تھے اپنے دو روزہ دورہ کے اختتامی روز سب سے پہلے انڈونیشیا کے صدر جو گو ویڈوڈو سے ملاقات کے ساتھ آج کی اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کیا تھا۔ ان دونوں قائدین نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، بحری و سمندری سلامتی کے بشمول دیگر کئی شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف راستوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ جس کے فوری بعد مودی نے برازیل کے صدر جیر بولسونا رو سے باہمی تعلقات بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور ماحولیاتی تبدیلی کے تناظر میں قدرتی ایندھن پر وسیع تر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بعد ازاں ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردغان سے ملاقات کے دوران تجارت ، سرمایہ کاری و انسداد دہشت گردی کے بشمول مختلف کلیدی مسائل پر بات چیت کی۔ وزارت اُمور خارجہ میں ترجمان راویش کمار نے چھ ممالک کے سربراہان سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ملاقات اور بات چیت کی تفصیلات کا ٹوئٹر پر اعلان کیا۔ کمار نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور ترک صدر اردغان نے انفارمیشن ٹکنالوجی اور شہری ہوا بازی کے موضوعات پر بھی گفت و شنید کی۔ بعد ازاں انہوں نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم موریسن سے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔