حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے ایس ایل بی سی سرنگ میں بچاؤ کاموں کی تفصیلات حاصل کیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل رات چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ٹیلی فون کیا اور مرکز کی جانب سے امدادی ٹیموں کو روانہ کرنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے واقعہ کی تفصیلات حاصل کی اور چیف منسٹر نے چھت کے منہدم ہونے سے سرنگ میں 8 ورکرس کے پھنس جانے کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بچاؤ اور امدادی ٹیمیں واقعہ کے فوری بعد متحرک ہوچکی ہیں۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ بچاؤ کاموں کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بچاؤ کاموں کیلئے مرکز سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم کو روانہ کیا جارہا ہے۔ اسی دوران قائد اپوزیشن اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی نے آج صبح چیف منسٹر ریونت ریڈی کو فون کیا۔ انہوں نے تقریبا 20 منٹ تک امدادی کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ اتم کمار ریڈی مقام واقعہ پر موجود ہیں این ڈی آر ایف اور ایس آر ڈی ایف کی ٹیمیں بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ چیف منسٹر نے زخمیوں کو طبی امداد اور سرنگ میں پھنسے ہوئے افراد کے خاندانوں کو دلاسہ دینے سے واقف کرایا۔ راہول گاندھی نے حکومت کے اقدامات کی ستائش کی اور پھنسے ہوئے ورکرس کو بچانے کیلئے ہر ممکن مساعی کا مشورہ دیا۔ راہول گاندھی نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پھنسے ہوئے افراد کے بچ جانے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1