آئی آئی ایمس ، میڈیکل کالجس منظور نہیں کئے ، آبپاشی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ نہیں دیا گیا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے پھر ایکبار وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کو ایک بھی تعلیمی ادارہ مختص نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی آبپاشی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا گیا اور نہ ہی ترقیاتی کاموں کے لیے کوئی فنڈز جاری کئے جارہے ہیں ۔ ضلع محبوب نگر کے مختلف مقامات پر ترقیاتی پروگرامس میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، نرنجن ریڈی ، سرینواس گوڑ کے علاوہ ٹی آر ایس کے مقامی ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسرے قائدین اور عہدیدار موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے ریتو ویدیکا کا افتتاح کیا ۔ 40 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کیا ۔ بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مرکز کے ہربجٹ میں ریاست تلنگانہ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ مرکز کے تعاون کے بغیر ٹی آر ایس حکومت ریاست کو ترقی دینے کے علاوہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ متحدہ ضلع محبوب نگر میں پانی کا مسئلہ ختم ہوگیا ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کے بعد زرعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ۔ پڑوسی ریاستوں کے رائلسیما اور رائچور کے مزدور محبوب نگر پہونچ کر کام کاج کررہے ہیں ۔ فلاحی اسکیمات کی عمل آوری میں تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست ہے ۔ گورنمنٹ ریسیڈنشیل اسکولس اور کالجس کا جال پھیلاتے ہوئے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ گورنمنٹ اسکولس میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم میں باریک چاول دیا جارہا ہے ۔ بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپس دیا جارہا ہے ۔ بڑے پیمانے پر اناج کی تلنگانہ میں پیداوار ہورہی ہے ۔ مودی حکومت نے ملک بھر میں 157 میڈیکل کالجس منظور کئے جس میں تلنگانہ کو ایک بھی میڈیکل کالج منظور نہیں کیا گیا ۔ 8 نئے آئی آئی ایمس منظور کئے گئے ۔ تلنگانہ کو ایک بھی منظور نہیں کیا گیا ۔ 100 نوودیالیہ اسکولس منظور کئے گئے ۔ تلنگانہ کو ایک بھی منظور نہیں کیا گیا ۔ تعلیمی معاملات میں وزیر اعظم نریندر مودی ریاست تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی کررہے ہیں ۔ تمام ریاستوں سے مساوات کرنے میں مرکزی حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کل وزیراعظم نریندر مودی حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں ۔ مساوات کا درس دینے والے مجسمہ کی رونمائی کررہے ہیں ۔ پالمور ، رنگاریڈی پراجکٹ کو قومی درجہ کا پراجکٹ قرار دینے کا مرکز سے مطالبہ کیا گیا ۔ مگر وزیراعظم نے اس معاملے میں بھی تلنگانہ کو نظر انداز کرتے ہوئے کرناٹک کے اپربھدرا پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا ۔۔ ن