ٹی آر ایس کی تائید سے مہم، گورنر سوندرا راجن کی واپسی کا مطالبہ، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/8نومبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ تلنگانہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ مسلسل ناانصافیوں کے سبب نریندر مودی کو تلنگانہ کے دورہ کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے چاڈا وینکٹ ریڈی اور سید عزیز پاشاہ کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو تلنگانہ کے پروگراموں میں حصہ لینے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ مودی تکنیکی طور پر ملک کے وزیر اعظم ہیں لیکن گذشتہ آٹھ برسوں میں تلنگانہ کیلئے انہوں نے ایک بھی اچھا کام انجام نہیں دیا۔ اگر کوئی کارنامہ ہے تو اسے عوام کے درمیان پیش کیا جائے۔ انہوں نے عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کے فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ کے خلاف سی پی آئی بڑے پیمانے پر عوامی مہم چلائے گی۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے وقت جو وعدے کئے تھے انہیں آج تک پورا نہیں کیا گیا۔ بیارم اسٹیل فیکٹری، قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری، گریجن یونیورسٹی کا قیام اور دیگر وعدوں پر مرکز نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے بیارم اسٹیل پلانٹ کے قیام کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ 10 نومبر کو سنگارینی کالریز کے ملازمین احتجاج کریں گے جبکہ 12 نومبر کو وزیر اعظم کے جلسہ عام میں رکاوٹ پیدا کی جائے گی۔ گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کے رویہ پر تنقید کرکے سی پی آئی سکریٹری نے کہا کہ وہ دستوری عہدہ سے زیادہ بی جے پی لیڈر کی طرح بات کررہی ہیں۔ انہوں نے تلگو ریاستوں کی توہین والے تبصرے کئے ہیں۔ سی پی آئی ابتداء ہی سے گورنر کے عہدہ کو ختم کرنے کی حامی رہی ہے۔ راج بھون سے گورنر کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی عنقریب راج بھون کا گھیراؤ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی کی اصل حریف بی جے پی ہے۔ ٹی آر ایس کے ساتھ مل کر بائیں بازو کی جماعتیں نریندر مودی کے دورہ میں رکاوٹ پیدا کریں گی۔ اگر اس جدوجہد میں کانگریس شامل ہوتی ہے تو اس کا استقبال کیا جائے گا۔ سامبا سیوا راؤ نے سی پی آئی کارکنوں اور حامیوں سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کے دورہ میں رکاوٹ پیدا کریں۔ مودی واپس جاؤ کے نعرہ کے ساتھ یہ مہم چلائی جائیگی۔ سی پی آئی قائدین نے کہا کہ وزیر اعظم سیاسی فائدہ کیلئے راما گنڈم کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو، کیرالہ، دہلی اور تلنگانہ کے گورنرس کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔ برطانوی دور حکومت سے جاری گورنر کے عہدہ کو فوری برخواست کیا جائے۔ر