وزیر اعظم نے ’اسٹیچو آف یونیٹی‘ کیلئے 8 ٹرینوں کو جھنڈی دکھائی

,

   

کیوڑیا: گجرات کے شہر کیوڑیا میں واقع سردار پٹیل کے مجسمہ کو دنیا کے سیاحت کے نقشہ میں لانے کی غرض سے وزیر اعظم نریندر مودی نے 8 ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی ہے۔ ایسا تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی خاص مقام پر جانے کے لئے ایک ساتھ آٹھ ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔یہ آٹھ ٹرینیں کیوڑیا کو وارانسی، دادر، احمدآباد، حضرت نظام الدین، ریوا، چنئی اور پرتاپ نگر سے منسلک کریں گی۔ اس منصوبہ کے ساتھ ہی انڈین ریل کے نقشہ میں اسٹیچو آف یونیٹی کو بھی مقام حاصل ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کیوڑیا کے ریل لنک سے جڑنے کے لئے یہاں ملک بھر سے سیاح بغیر کسی پریشانی کے پہنچ سکیں گے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان ٹرینوں میں وسٹا ڈوم اسٹرکچر کی سہولت موجود ہے، جس سے دوران سفر مسافر آس پاس کے نظاروں کا بھی لطف اٹھا سکیں گے۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کیوڑیا ریلوے اسٹیشن کا بھی افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے براڈگیج لین کا بھی افتتاح کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اب کیوڑیا ملک کا کوئی چھوٹا موٹا شہر نہیں رہ گیا ہے۔ کیوڑیا میں اب اسٹیچو آف لبرٹی سے بھی زیادہ لوگ سردار پٹیل کی اسٹیچو آف یونیٹی کو دیکھنے کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 50 لاکھ سے زیادہ افراد اس مجسمہ کو دیکھ چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ایک مطالعہ کے مطابق کچھ دن بعد یہاں ہر روز ایک لاکھ لوگ پہنچیں گے۔جس کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔